اسٹیل مل کی نجکاری کے بجائے مکمل بحالی کا منصوبہ بنایا جائے ‘ حافظ نعیم

407

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت اسٹیل مل کی نجکاری سے باز رہے ۔ اسٹیل مل کی مکمل بحالی اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور ملازمین کے مسائل کے مستقل حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کے ساتھ ایک مربوط پلان مرتب کیا جائے تاکہ ادارہ دوبارہ پیداواری عمل شروع کر کے منافع بخش بن سکے ۔ ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اسٹیل مل کی زمینوں کی فروخت پر پابندی کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔سینیٹر سراج الحق اسٹیل مل کے مسائل اور بحالی کے لیے سینیٹ میںآواز اُٹھائیں گے ۔ جماعت اسلامی اسٹیل مل کی بحالی اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان کنونشن کرے گی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت پاکستان اسٹیل مل کی مکمل بحالی ،ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی اور ملازمین کے دیگر مسائل کے حل کے لیے ملیر پریس کلب پر ’’احتجاجی کیمپ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع ملیر کے امیر محمد اسلام کو جماعت اسلامی کی جانب سے اسٹیل مل کی بحالی تحریک برائے ریٹائرڈ ملازمین ادائیگی واجبات کا کنوینیر مقرر کیا ،احتجاجی کیمپ سے محمد اسلام،ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی کمیٹی کے کنوینیر محسن علی خان ،ڈپٹی کنوینیر عادل خان، پاسلو کے سابق صدر حاجی خان لاشاری، ،مفتی شامزئی ،خلیل الرحمن ، محمد اسلام ، الکاسب فاؤنڈیشن کے صدر سید عمر باقی،پاکستان اسٹیل لیبر یونین پاسلو کے صدر عاصم بھٹی ،جنرل سیکریٹری حیدر گبول اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،سابق صدر پاسلو وسیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ احتجاجی کیمپ میں پاکستان اسٹیل کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین سمیت مزدور یونین پاسلو کے ممبران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ میں انصاف لیبر یونین کے جنرل سکریٹری یاسین جامڑو نے بھی شرکت کی۔احتجاجی کیمپ میں شریک ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن میں تحریر تھا کہ پاکستان اسٹیل کو بحال کیا جائے۔ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات فوری ادا کیے جائیں۔ملازمین کی سہولیات بحال کی جائیں اور اسٹیل مل کی نج کاری نہ کی جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ جماعت اسلامی ملازمین کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ پاکستان تحریک انصاف نے ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود اب تک پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان اسٹیل میں انتظامی اور ٹیکنیکل عہدوں پر ایڈا ہاک ازم کا خاتمہ کرکے مستقل بنیادوں پر قابل اور غیر سیاسی افراد کی تقرری کی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل کے حاضر سروس ملازمین کی میڈیکل ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات بحال کی جائیں۔تمام ملازمین کو فوری طور پرواجبات ادا کیے جائیں۔ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات سمیت مختلف امور پر عدالتی فیصلے پر فوری عمل کیا جائے۔ محمد اسلام نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی اپنے وعدوں اور دعووں کے باوجود اسٹیل مل کا مسئلہ حل کرنے میں ناکام ثابت ہو ئی ہے ۔ اسٹیل مل کی بندش سے ملک کا بھی نقصان ہو رہا ہے اور اسٹیل مل کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین بھی مسلسل مالی نقصان برداشت کررہے ہیں۔ریٹائرڈ ملازمین اپنے واجبات سے محروم ہیں جبکہ حاضر سروس ملازمین آج شدید مہنگائی کے دور میں اپنی بقاء کی جنگ لڑ نے پر مجبور ہیں،جماعت اسلامی ملازمین کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی اور مسائل کے حل تک جدو جہد جاری رکھے گی ۔ سید عمر باقی نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے واحبات کی ادائیگی اور ان کے حقوق کے لیے آئینی و جمہوری اور قانونی طریقے سے جدوجہد کریں گے اور ملازمین کو ان کا حق ضرور دلوائیں گے۔تمام ریٹائرڈ ملازمین 4مارچ کو ہائی کورٹ پہنچیں ۔