ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بلدیہ ٹاو¿ن میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کی ہدایت جاری کر دی ۔

256

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ بلدیہ ٹاو¿ن کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ حاصل کرکے ان کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز تحریک لبیک یارسول اللہ پاکستان (ٹی ایل پی) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مفتی قاسم فخری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں کیا ۔وفد میں ٹی ایل پی کراچی کے رابطہ سیکرٹری عارف قادری سلطان پور والا اور زونل امیر ضلع غربی علامہ غلام سرور سعیدی شامل تھے ۔مفتی قاسم فخری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بتایا کہ ان کے حلقے پی ایس 115میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔

علاقے میں منشیات ،سٹے اور جوئے کا کاروبار عروج پر ہے،جس کی وجہ سے نوجوان نسل کا مستقبل تباہ ہورہا ہے جبکہ ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی وجہ سے اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔اس حوالے سے پولیس حکام کو تحریری درخواست بھی دی گئی ہے لیکن اب تک کوئی خاطر خواہ کارروائی عمل میں نہیں آسکی ہے ۔

مفتی قاسم فخری نے کراچی پولیس چیف سے 29مارچ کو کراچی میں ہونے والے ٹی ایل پی کے جلسے کے اجازت نامے کے حوالے سے بھی بات چیت کی اور انہیں آگاہ کیا کہ اس جلسہ عام سے ٹی ایل پی کے سربراہ امیرالمجاہدین علامہ خادم حسین رضوی سمیت جماعت کے دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے جبکہ 29فروری کو اورنگی ٹاو¿ن کے علاقے میں بھی ٹی ایل پی ایک جلسے کا انعقاد کررہی ہے ۔انہوں نے جلسوں کے اجازت ناموں اور درکار سکیورٹی کے حوالے سے بھی کراچی پولیس چیف کو آگاہ کیا ۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ٹی ایل پی کے وفد کو یقین دہائی کرائی کہ بلدیہ ٹاو¿ن کے علاقے میں جن جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی انہوںنے کرائی ہے ان کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ پولیس کی پہلی ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے ،جس کے لیے تمام اقدامات کےے جائیں گے۔