پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ، انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا

138

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز کاروبار کا شاندار آغاز ہوا۔

 پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جہاں کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 73 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ 100 انڈیکس 558 پوائنٹس اضافے سے73 ہزار300 کی سطح تک پہنچ گیا ہے ۔

 نجکاری پلان، آئی ایم ایف سے مثبت مذاکرات پر انویسٹرز پراعتماد ہیں جس سے کاروبار میں مسلسل تیزی ہے اور انڈیکس نئی بلندیوں کی جانب پرواز کر رہا ہے۔

 مقامی فنڈز اور غیرملکی انویسٹرز کی سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے وابستہ مثبت توقعات اور جاری پروگرام کی آخری قسط کے ممکنہ اجرا کے بعد نئے قرض پروگرام کے حصول کے لیے مذاکرات کے دور شروع ہونے جیسے عوامل کیپیٹل مارکیٹ پر اثرانداز ہیں۔

 غیرملکی سرمایہ کار اور مقامی فنڈز شعبہ جاتی بنیادوں پر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے آخری کاروباری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے کاروباری دن کے دوران 2 نئے ریکارڈ بنائے جس میں انڈیکس نے کاروباری دن کے دوران اور کاروبار کے اختتام کا تاحال بلند ترین ٹریڈنگ کے ریکارڈ بنائے۔

کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس 771 پوائنٹس اضافے سے 72 ہزار 742 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس نے اپنی بلند ترین سطح 72 ہزار 862 پوائنٹس کو چھوا جبکہ 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 73 ہزار تک پہنچنے میں 138 پوائنٹس کی کمی رہی۔