مختلف کمپنیز نے مالی نتائج کا اعلان کردیا

150

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل) کے بعداز ٹیکس خسارہ میں 70 فیصد جبکہ نیشنل ریفائنری لمیٹڈ (این آر ایل) کے بعداز ٹیکس خسارہ میں 23 فیصد کمی ہوئی ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے کمپنیز کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران اٹک ریفائنری لمیٹڈ کا بعداز ٹیکس خسارہ 881 ملین روپے تک کم ہو گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018ء کے دوران اے آر ایل کو 2970 ملین روپے کا بعداز ٹیکس خسارہ ہوا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران کمپنی کے بعداز ٹیکس خسارہ میں 2089 ملین روپے یعنی 70 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث کمپنی کا فی حصص خسارہ بھی 27.86 روپے کے مقابلہ میں 8.27 روپے فی حصص تک کم ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کا بعداز ٹیکس خسارہ بھی 23 فیصد کی کمی سے 3857 ملین روپے کے مقابلہ میں 2985 ملین روپے تک کم ہو گیا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کے بعداز ٹیکس خسارہ میں 872 ملین روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں کمپنی کا فی حصص خسارہ بھی 48.24 روپے کے مقابلہ میں 37.33 روپے فی حصص تک کم ہو گیا۔