ایف بی آر کےخلاف تاجر 8 اکتوبر اسلام آباد تک ٹرین مارچ کریں گے 

336
سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنماءجمیل پراچہ تاجروںکے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

12اسلام آبادایف بی آر کے دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے اور27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر جلسے کا بھی اعلان

کراچی اور اندرون سندھ کی تمام مارکیٹوں میں احتجاجی طور پر سیاہ بینر آویزاں کیے جائیں گے ،تاجر رہنماءجمیل پراچہ کا اجلاس سے خطاب

کراچی

تاجر برادری نے ایف بی آر کے خلاف 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کرنے کا اعلان کردیا ،12 اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے کا اعلان ، کراچی اور اندرون سندھ کی تمام مارکیٹوں میں احتجاجی طور پر سیاہ بنیر آویزاں ، 27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر جلسہ کا اعلان بھی کردیا گیا۔تاجر رہنماءجمیل پراچہ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر تاجروں سے ان کے بچوں کی روٹی روزی چھین رہی ہے ،شناختی کار ڈ کی شرط کے کالے قانون کو کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے

ایف بی آر کے دفتر کے باہر مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رہے گا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنماءجمیل پراچہ کی زیر صدارت تاجر رہنماﺅں کا اجلاس ہوا۔اس موقع پر شرجیل گوپلانی،رضوان عرفان ،کاشف صابرانی،انصار بیگ قادری،عبدالرحمن،سلیم راجپوت،جاوید شمسی،احمد شمسی،سید محمد سعید،عبدالغنی میمن سمیت کراچی کی مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنماﺅں نے شرکت کی ۔اس موقع پر جمیل پراچہ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے متعدد بار اجلاسوں میں ہم نے مطالبات کیے کہ چھوٹے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرائی جائے لیکن اس کے باوجود ایف بی آر نے تاجر برادری کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جس کی وجہ سے ہم مجبور ہوکر احتجاج کا راستہ اختیار کررہے ہیں

۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر 27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی جلسہ کریں گے جبکہ کراچی اور حیدرآباد کی مارکیٹوں میں دکاندار اپنی دکانوں پر سیاہ بینر آوایزاں کریں گے ، اس کے علاوہ 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ شروع کیا جائے گا جس کے لیے ملک بھرکی تاجر تنظیموں سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں بھی احتجاجی ریلی میں شریک کیا جائے ، ٹرین مارچ میں شریک تاجر11 یا12 اکتوبر سے اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کے دفتر کے باہر دھرنا دیںگے

۔جمیل پراچہ نے کہا کہ دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا اور مطالبات کے پورے ہونے تک دھرنا جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو ایف بی آر نے احتجاج کرنے پر مجبور کیا ہے، ہم نے پہلے ہی روز سے ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کو کہا تھا کہ شناختی کارڈ کی شرط چھوٹے تاجروں کے لیے کالا قانون ہے اس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں تباہ ہو جائیں گی لیکن ہماری بات کو نظر انداز کیا گیا یہی وجہ ہے کہ آج ملک کا 70 فیصد کاروبار تباہ ہوچکا ہے ،چھوٹے تاجر دیوالیہ ہورہے ہیں ،ان حالات میں ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ۔