عیدالاضحی اور یوم آزادی پر حیسکو کی جانب سے غیر معمولی شٹ ڈائون

377

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر سلیم الدین قریشی اور کنونیئر سب کمیٹی حیسکو محمد اکرم آرائیں نے عیدالاضحی اور یومِ آزادی پر جبکہ قوم مذہبی تہوار یومِ آزادی اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہی تھی ایسے میں حیسکو کی جانب سے غیر معمولی اور اذیت ناک شٹ ڈائون کر کے جس کرب میں مبتلا کیا اِس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سے قبل حیسکو نے بجلی کے تاروں کی تبدیلی و مرمت اور تاروں کے قریب درختوں کو کاٹنے کی وجہ سے کئی روز تک شٹ ڈائون کیا اور بزنس کمیونٹی اور کاروباری طبقہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے باوجود تہواروں کے دوران غیر اعلانیہ اور کرب ناک صورتحال سے دوچار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے لامحدود لوڈشیڈنگ کے سبب بارش اور سیوریج کا گندہ پانی پمپ آئوٹ نہ ہوسکا اور گھروں میں گندہ پانی ہونے کی وجہ سے عوام بروقت قربانیاں کرنے سے قاصر رہی۔ اُنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر پاور و انرجی عمر ایوب خان سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو چیف اور دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف حیدرآباد کی عوام کو مذہبی تہوار اور یوم آزادی پر اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کرنے پر شدید انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے اور قرار واقعی سزادی جائے۔