سندھ بھر کی بلدیاتی8ہزار مخصوص نشستوں پر انتخاب کا مرحلہ مکمل

473
complete

کراچی: سندھ بھر میں 1600 سے زائد یونین کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کی تقریبا 8 ہزار مخصوص نشستوں پر انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کی بلدیاتی کونسلز میں خواتین، نوجوان، مزدور یا کستان، اقلیت، معذور اور خواجہ سرائوں کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 2500 سے زائد نمائندوں کی حلف برداری بدھ ہوگی۔ 

صوبے میں 1618 یونین کمیٹیوں اور یونین کونسلوں میں سے 1600 سے زائد یو سیز میں تقریبا 8 ہزار مخصوص نشستوں پر  انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل منگل کو مکمل ہوگیا ہے، ان کامیاب امیدواروں کے حتمی نتائج کا اعلان 8 جون کو کیا جائے گا اور  14 جون کو حلف برداری ہوگی۔ کراچی کی 246 یونین کمیٹیوں میں سے 240 پر خواتین،  نوجوان، اقلیت اور مزدور یا کستان کی تقریبا 1200 نشستوں کے لیے انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔

دوسری جانب سندھ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور ضلع کونسلوں میں خواتین، نوجوان، اقلیت، کسان یا مزدور ، معذور اور خواجہ سرا  کی تقریبا 2500 مخصوص نشستوں  پر منتخب نمائندوں کی حلف برداری 7 جون کو ہوگی۔

بلدیہ عظمی کراچی کی 121 مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے نمائندوں کی حلف برداری سٹی کونسل ہال میں ہوگی جبکہ ٹائون میونسپل کارپوریشنز کی مخصوص نشستوں پر منتخب بلدیاتی نمائندوں سے متعلقہ اضلاع کےڈپٹی کمشنر آفس میں لیا جائے گا۔