احسان اللہ کی تیز رفتار بائونسر سے افغان بیٹر زخمی، شائقین کو شعیب اختر یاد آگئے

395

اسلام آباد:افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ نے افغان بیٹر نجیب اللہ زادران کو اپنی تیز رفتار بائونسر سے زخمی کرکے ریٹائرڈ ہرٹ کر دیا۔

سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے  183رنز کا ہدف دیا، جواب میں  افغان ٹیم 19ویں اوور میں 116رنز بنا سکی اور اسے میچ میں 66رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا،پاکستان کے خلاف ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹر نجیب اللہ زادران پاکستانی بولر احسان اللہ کی تیز رفتار بائونسر سے زخمی ہوگئے۔

افغانستان کی اننگز کے 11ویں اوور میں نجیب اللہ زادران کریز پر بیٹنگ کرنے آئے تو احسان اللہ نے انہیں بائونسر کروائی جسے وہ کھیلنے میں ناکام رہے اور گیند  ہیلمٹ کے اندر سے چہرے کے نچلے حصے پر لگی اور خون نکلنے لگا،زخمی ہونے کی وجہ سے  نجیب اللہ زادران بیٹنگ کو جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔

احسان اللہ کی تیز بائونسر سے افغان کھلاڑی کے زخمی ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کو سابق پاکستانی بولر شعیب اختر یاد آگئے۔

شعیب اختر نے ماضی میں اپنی تیز رفتار گیندوں سے برائن لارا، گیری کرسچن سمیت کئی کھلاڑیوں کو زخمی کرکے میدان سے باہر بھیجا۔

احسان اللہ کا نجیب اللہ کو کرائے گئے بائونسر کا موازنہ سوشل میڈیا صارفین نے شعیب اختر کی برائن لارا کو کرائے گئے بائونسر سے کیا۔