یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی فیسوں میں 13 سو فیصد تک اضافہ

378
University

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے مہنگائی کا بوجھ طلباء پر ڈال دیا، مختلف ڈگری پروگرامز کی امتحانی فیس میں 1300 فیصد تک اضافہ کردیا۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مختلف ڈگری پروگرامز کی امتحانی فیسوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی ایچ ڈی تھیسز کی فیس 1300 فیصد کے غیر معمولی اضافے کے بعد 10 ہزار 750 روپے سے ڈیڑھ لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ ایم ایس، ایم ڈی، ایم ڈی ایس تھیسز کی فیس بھی 6 ہزار 750 سے 50 ہزار روپے اور ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس اور فارم ڈی کی فیس 5 ہزار 750 سے 8750 روپے کردی گئی ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم ایچ پی ای کی فیس 7 ہزار 750 سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی جبکہ پی ایچ ڈی کمپری ہینسیو کی فیس میں بھی 270 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ یو ایچ ایس کے مطابق ایم ایس سی کی فیس 4 ہزار 750 سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ہے اور پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کی فیس میں بھی 60 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کہنا ہے کہ امتحاںی اخراجات میں اضافے کے باعث فیسیں بڑھائی گئی ہیں۔