کالے بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنے میں مذہبی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری

492

کراچی : سندھ اسمبلی کے باہر کالے بلدیاتی قانون کے خلاف دھرنے میں مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کرکے جماعت اسلامی سے اظہار یکجہتی کیا، دھرنے کے شرکاکو خراج تحسین پیش کیا کہ سخت سردی اور شدید بارش میں بھی سندھ حکومت کے کالے کرتوتوں کے خلاف پُر عزم ہیں۔

مذہبی جماعتوں کے نمائندوں میں علماء مشائخ رابطہ کونسل جنوبی پنجاب کے صدر حافظ محمد اسلم، اور جمعیت اتحاد علما جنوبی پنجاب کے نائب صدر اور نائب امیر ضلع ملتان مولانا عبد الوحید اختر ، پیر غلام مجدد سرہندی آف مٹیاری گدی نشین مشائخ علماء کونسل سمیت دیگر رہنماؤں نے دھرنے میں شرکت کی۔

پیر غلام مجدد سرہندی نےامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آنے کا مقصد شیر کراچی حافظ نعیم الرحمن سے اظہار ریکجہتی کرنا ہے، حافظ نعیم الرحمن نے سندھ کے وڈیروں اور جاگیرداروں کو للکار کو سنت حسینت کو زندہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے غیور عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دیہی سندھ کے شہری حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ ہیں، ہم پاکستان مشائخ علماء کونسل کا ایک ایک فرد جماعت اسلامی کے ساتھ ہے۔