تاجر برادری صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے ، نعیم میر

143

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انجمن تاجران پاکستان کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا ہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتی ہے ،حکومت کو تاجروںکے مفادات پر شب خون نہیںمارنے دیںگے ،ملک بھر کے تاجر29ستمبر کو اسلام آباد میںایف بی آر کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے ،وہ گزشتہ روز کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ،اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین شرجیل گوپلانی اور سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ بھی موجود تھے۔نعیم میر کا مزید کہنا تھا کہ پیر کے روز کراچی کے تاجروںنے ایک بڑے اجتماع میں حکومت کو واضح پیغام دے دیا ہے ،پوائنٹ آف سیل لگانے کے لیے ایف بی آرزبردستی کررہا ہے ،29ستمبر کو اسلام آباد میں ملک بھر کے تاجر جمع ہوں گے ،ہم پر سیلز ٹیکس لاگو ہی نہیں ہے تو وصول کیوں کیا جارہا ہے،حکمران جرمانوں اور سزائوں کا قانون کیو ں لارہے ہیں،ہم اس قانون کے تقاضے پورے کرنے سے قاصر ہیں،تاجروں کو کام کرنے دیا جائے،آج حالات ایسے بنادیے گئے ہیں کہ تاجر کام نہیں بلکہ سڑکوں پر احتجاج کررہا ہے،ہم مذاکرات کے لیے بالکل تیار ہیں،یہ کارکردگی کی حامل حکومت نہیںہے ،یہ نااہل اور نالائق حکومت ہے،ہم ایف بی آر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔