افغانستان کے معاملے میں مداخلت نہ کی جائے،نواز شریف

189

لندن،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کا افغانستان کے معاملے پر کہنا ہے کہ کیا یہ ضروری ہے ہم ہر معاملے میں دخل دیں۔ بی بی سی میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو میںکہا کہ کیا ان کا (افغانستان کا ) حق نہیں کہ وہ اپنے فیصلے خود کریں، ہمیں کیوں انہیں بتانا ہے کہ وہ کیا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ افغان صدور حامد کرزئی اور اشرف غنی غنی بھارت سے تو خوش ہیں لیکن پاکستان سے کیوں نالاں ہیں۔نواز شریف نے مزید کہا کہ انہوں نے 1999 سے جو بیانیہ اپنایا ہے کہ اس پر قائم ہیں اور اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔سابق وزیراعظم نے عدالت کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے پر کہا کہ اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ کون عدالتوں سے فیصلے کروا رہا تھا۔ان کے مطابق جھوٹے کیسوں میں ان کا نااہل کراویا گیا ،وہ فیصلے اب واپس ہونے چاہییں۔علاوہ ازیںسابق وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طبیعت کی ناسازی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خط لکھ کر خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے خیریت دریافت کرنے پر نواز شریف سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیلیے بھی دعا گو ہوں۔