ٹیکس آمدن میں اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے ‘ ٹیکس ایڈوائزرز

204

لاہور(کامرس ڈیسک) چیئرمین ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ ٹیکسیشن نظام کی بنیاد کشش کے بجائے خوف پر رکھی گئی ہے جس کی وجہ سے مجموعی ٹیکس آمدن میں گروتھ نہ ہونے کے برابر ہے ، ٹیکس جمع کرنے والے اداروں نے ٹیکس نیٹ میں آنے والوں کو اس قدر خوفزد کر رکھا ہے کہ وہ مثبت تشہیر کے بجائے بے جا نوٹسز اور غلط اسسیسمنٹ کا واویلا کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایف بی آر کا کام صرف ٹیکس اہداف کا حصول رہ گیا ہے اور نئے لوگوں کو اس جانب راغب کرنے کے لیے اس کی کوئی پالیسی نہیں جس کی وجہ سے سارا بوجھ کئی دہائیوں سے ٹیکس نیٹ میں شامل لوگوں پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ماہرین دعویٰ کر چکے ہیں کہ حکومت ٹیکس ریٹس اور اس کی تعداد میں کمی کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر کے دیکھے اسے اس کی سوچ سے زیادہ آمدن حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے ان ڈائریکٹ ٹیکسز میں سے ایک بڑا حصہ چوری ہو جاتا ہے ، ٹیکس گروتھ ڈائریکٹ ٹیکسز سے ممکن ہے لیکن حکومت ٹیکسز کی شرح اور ریٹس کم کرنے کے لیے تیار نہیں۔