لاپتہ افراد کا مسئلہ نہایت سنگین،ریاست بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرے: جماعت اسلامی سندھ

250
missing persons

کراچی: جماعت اسلامی سندھ نے صوبہ سمیت ملک بھر میں لاپتہ شہریوں کے مسئلہ کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ ریاست ماں کی طرح کا کردار ادا کرکے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کو تلاش کرنے کیلئے فارم45والوں کی طرح دھکے کھاتے پھررہے ہیں مگر ان کی دادرسی کرنے والا کوئی بھی نہیں رہا حتیٰ کہ امید کا آخری سہارا انصاف دلانے والے اداروں نے بھی ان کو مایوس کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی فرد کسی غیر قانونی سرگرمی اور ملک کیخلاف کسی جرم میں ملوث رہا ہے تو حکومت لاپتہ افراد کے مسئلے کو آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنے کے اقدامات کرے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔

ممتاز حسین سہتو کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کا معاملہ دن بدن سنگین ہوتا جارہا ہے کئی کئی سال ہوگئے لاپتہ افراد کو لواحقین اپنے پیاروں کی تلاش میں دربدر ٹھوکریں کھارہے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ نائن الیون کے خود ساختہ واقعے کے بعد اب تک ہزاروں افراد لاپتہ ہوچکے ہیں یہ کسی ایک علاقے اور صوبے کا نہیں بلکہ ملک کا مسئلہ ہے ،لاپتہ افراد کا مسئلہ افسانہ نہیں ایک حقیقت ہے۔