جنگل کے قانون سے ملک کا مستقبل خطرے میں ہے، عمران خان

330
the law of the jungle

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ یہاں جنگل کا قانون ہے،جس سے ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جارہاہے، بہاولنگر میں طاقتور نے پھینٹی بھی لگائی اور معافی بھی منگوائی۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر جنگل کے بادشاہ کا نام لیا تھا تو عدالت میں اضافی شیشے اور دیواریں بنا دی گئی ہیں، بہاول نگر میں قانون توڑ کر پولیس کو پھینٹی لگائی گئی بعدازاں وائسرائے نے کہا کہ یہ ہمارے بھائی ہیں، ایسا سلوک بھائیوں سے نہیں غلاموں سے کیا جاتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقتور نے پھینٹی بھی لگائی اور معافی بھی منگوائی یہ سب جنگل کا بادشاہ کر رہا ہے اور ملک میں جنگل کا قانون ہے، جنگل کے قانون کے باعث ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی، بادشاہ چاہتا ہے تو نواز شریف کے تمام کیسز معاف ہوجاتے ہیں اور جب بادشاہ چاہتا ہے تو پانچ دن میں ہمیں تین کیسز میں سزا دے دی جاتی ہے، ملک میں وہ قانون ہے جو جنگل کا بادشاہ چاہتا ہے اور بہاول نگر واقعہ سے یہ ثابت ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نہ آئین کی حکمرانی ہے، نہ قانون کی اور نہ جمہوریت کی، قرض لینے سے معیشت اور کرنسی مستحکم نہیں ہوسکتی، آئی ایم ایف کے قرض سے ملک میں مہنگائی کی لہر آئے گی، تنخواہ دار اور غریب آدمی مارا جائے گا، سرمایہ کاری نہ آنے سے قرض اور غربت بڑھے گی، جنگل کے قانون سے ملک کا مستقبل خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی، بہاول نگر واقعہ بتاتا ہے کہ ملک کے حالات کیا ہیں۔