الخدمت کے تحت ملک بھرمیں عالمی یوم یتامیٰ پر آگاہی پروگراموں کاانعقاد

273

راولپنڈی : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ملک بھرمیں ریجنل اور اضلاع کی سطح پر 15رمضان عالمی یوم یتامی پرسیمینار،واک، افطارڈنرسمیت دیگرآگاہی پروگراموں کاانعقاد کیا گیا جن میں باہمت یتیم بچوں سمیت ان کی ماؤں نے شرکت کی۔

زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نمایاں افراد نے اس موقع پر یتیم بچوں کے سر پردست شفقت رکھ کر انہیں یقین دلایا کہ معاشرے میں وہ اکیلے نہیں ہیں۔

صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے ورلڈ آرفن ڈے پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یتیموں کا عالمی دن منانے کا مقصد معاشرے میں شعورپیداکرنا ہے، یتیموں کی کفالت حکومتوں کی یا پھرعوام کی ذمے داری ہے، اس میں کوتاہی ہمارے لیے اجتماعی سزاکا باعث بن سکتی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن اور دیگرفلاحی تنظیمیں پاکستان میں موجود یتیم بچوں کی کفالت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کا فیملی سپورٹ آرفن پروگرام گھروں میں مقیم 27ہزار766 یتیم باہمت بچوں کی کفالت کررہاہے جب کہ پاکستان بھرمیں قائم22 الخدمت آغوش ہومز میں 1837 یتیم باہمت بچوں کی کفالت جاری ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن مجموعی طورپر30ہزار یتیم بچوں کی کفالت پر 2ارب 50کروڑروپے سالانہ خرچ کرتی ہے۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے مزید نے کہاکہ دنیا بھرمیں اس وقت 17 کروڑ سے زائدیتیم بچے ہیں جن کی اکثریت غریب افریقی اور ایشائی ممالک میں ہے۔

پاکستان کے 46لاکھ سے زائد یتیم بچے ہماری ذمے داری ہیں۔ جنگ، بدامنی اور قدرتی آفات جہاں ممالک اور اقوام کے لیے تباہی کا پیغام لاتی ہیں، وہیں معصوم بچوں کی زندگیاں بھی آزمائش بنا دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں حالیہ بحران کے دوران بہت بڑی تعداد میں معصوم بچے یتیم ہوئے۔ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ کے ان فلسطینی بچوں کی کفالت کے لیے مکمل پلاننگ کرچکی ہے۔ رستہ ملتے ہی ان بچوں کی کفالت کے لیے عملی اقدامات کاآغازکردیا جائے گا۔