وزیر اعظم کی کاربن کریڈٹ پالیسی پر کمیٹی بنانے کی ہدایت

163

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کاربن کریڈٹ کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کونسل آن کلائمیٹ چینج کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ وہ اس اہم پالیسی ڈرافٹ کے لیے صوبوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے اور آئندہ اجلاس میں پالیسی کا مسودہ پیش کرے۔

ملک بھر میں کاربن کریڈٹس کے حوالے سے اقدامات میں بہتری کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے ان کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اور 2022 کے سیلاب اس کی گواہی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا ہو گی۔

میٹنگ میں کاربن کریڈٹس میں تجارت کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز پیش کیں۔