پشاور: پارکس میں مفت وائی فائی فراہمی کا فیصلہ

328

پشاور: پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت کے پارکوں میں مفت وائی فائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبائی حکومت نے پشاور کے پبلک پارکس میں مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورکی صدارت یں اہم اجلاس ہوا، جس میں پبلک پارکوں میں مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلے مرحلے میں وائی فائی سہولت دیگر شہروں میں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ناصر باغ روڈ پر جلد بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے پشاور کی خوبصورتی کے لیے پی ڈی اے کو پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے اطراف کھمبوں پر گملے نصب کر کے مصنوعی پودے اور پھول لگائے جائیں اور ہیڈ پلوں اور عمارتوں پر خطاطی اور نقش و نگار کیے جائیں۔

اس کے علاوہ علی امین نے کہا کہ پشاور میں اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے، اور یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی کو ریڈور کے اطراف سڑک کی بحالی پر کام کیا جائے۔