حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کیے،  لیاقت بلوچ

350

کراچی: نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو اسمبلیوں سے دور رکھنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا، متنازع حلقہ بندیوں، انتخابات کے انعقاد میں شکوک و شبہات، متنازع مردم شماری اورانتخابات کے نتائج کو تبدیل کرنے کے تمام ہتھکنڈے استعمال کیے گئے لیکن جماعت اسلامی نے کراچی میں اپنا مینڈیٹ واپس لے لیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پیش رفت مستقبل میں بڑی کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت نے مسلسل محنت کی،بھرپور مہم چلائی اوربڑی تعداد میں ووٹ حاصل کیے،اہلیان ضلع ایئرپورٹ نے بڑی تعداد میں جماعت اسلامی پر اعتماد کیا اور محمد فاروق فرحان کوسندھ اسمبلی کا رکن بنایا،اسٹیبلشمنٹ اورانتخابات منعقد کروانے والوں نے ایک بار پھر انتخابات کا چہرہ داغ دا ر کردیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بے یقینی ناامیدی ملک کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔کراچی میں فلسطین کی تائید و حمایت کے لیے عظیم الشان پروگرامات اور ملین مارچ کیے گئے اوراب فلسطین سے یکجہتی کے لیے 30مارچ کو شب یکجہتی غزہ منعقد کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ کراچی کے عوام یکجہتی غزہ میں بھرپور شرکت کریں گے۔