رواں برس کا پہلا چاند گرہن 25 مارچ کو ہوگا

1253
viewing

اسلام آباد: رواں برس (2024) کا پہلا چاند گرہن 25 مارچ کو ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 2024ء کا پہلا چاند گرہن مکمل نہیں بلکہ جزوی ہوگا، جس میں زمین کا بہت ہی کم سایہ چاند پر پڑتا نظر آئے گا۔ 25 مارچ کو ہونے والے اس چاند گرہن کا پاکستان میں دیکھا جانا ممکن نہیں ہوگا۔

سائنسی ماہرین کے مطابق اس طرح کے جزوی چاند گرہن کو Penumbral Lunar Eclipse کہا جاتا ہے، اس دوران چاند کی روشنی یا چمک معمولی ماند پڑتی ہے، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تو لوگوں کو اس جزوی چاند گرہن کا پتا بھی نہیں چلتا۔

رواں سال کا پہلا جزوی چاند گرہن امریکا، یورپ کے بیشتر ممالک، آسٹریلیا، افریقا، شمالی اور مشرقی ایشیا میں نظر آئے گا۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اسے پاکستان اور بھارت میں نہیں دیکھا جا سکے گا۔

مارچ 25 کو ہونے والا یہ جزوی چاند گرہن پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9.53 پر شروع ہونے کے بعد دوپہر 12.12 بجے تک اپنے عروج پر ہوگا اور یہ 2.32 بجے دوپہر ختم ہو جائے گا۔ جزوی چاند گرہن کا مکمل دورانیہ 4 گھنٹے 40 منٹ پر مشتمل ہوگا۔

رواں برس 2024ء میں 25 مارچ کے بعد ایک اور چاند گرہن ہوگا اور وہ بھی جزوی طور پر 17 ستمبر کو نظر آئے گا جب کہ مکمل چاند گرہن آئندہ برس 2025ء میں مارچ میں ہوگا۔

سائنسی معلومات سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے حیرت انگیز بات ہے کہ رواں سال 25 مارچ کو جزوی چاند گرہن کے چند دن بعد یعنی اپریل کی 8 تاریخ کو مکمل سورج گرین بھی ہوگا، جس کا نظارہ کینیڈا اور امریکا میں تو ہوگا مگر وہ بھی پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا۔