امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کی انجیوپلاسٹی، شہریوں کی دعائیں اور بھرپور اظہار محبت

242
chest pain

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی انجیوپلاسٹی کردی گئی، جس کے بعد کراچی اور اہل کراچی کے حقوق کی جنگ لڑنے والے ہردلعزیز رہنما روبہ صحت ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کچھ روز سے سینے میں درد محسوس کررہے تھے، جس کے باعث وہ معمول کے معائنے کے لیے اپنے معالج ڈاکٹر طارق فرمان کے پاس گئے، جنہوں نے طبی معائنہ کرنے کے بعد حافظ نعیم الرحمن کو انجیوگرافی کا مشورہ دیا۔

ڈاکٹر کے مطابق حافظ نعیم الرحمن کی طبیعت بہتر ہے اور جلد ہی انہیں گھر منتقل کردیا جائے گا۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی طبیعت سے متعلق خبر ملتے ہی کارکنوں اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ لوگوں نے بڑی تعداد میں ادارہ نور حق فون کرکے حافظ نعیم کی خیریت معلوم کی۔

دوسری جانب کارکنوں اور عوام نے حافظ نعیم الرحمن کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے ماہ صیام کے بابرکت لمحات میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جب کہ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات پر مبنی پیغامات پوسٹ کیے گئے۔

صارفین نے کراچی کے مسائل کے حل اور یہاں رہنے والوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے اپنے پسندیدہ رہنما کو دعائیں دیتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹس میں اپنی محبت کا اظہار کیا۔

ایک صارف نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ حافظ نعیم نے گزشتہ روز تراویح ہمارے ساتھ پڑھی تھی، انہیں دیکھ کر ہمارا حوصلہ بلند ہوتا ہے، ان شا اللہ حافظ نعیم بہت جلد ایک بار پھر عوام کے درمیان ہوں گے۔

ایک اور صارف نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ حافظ صاحب، آپ کی مسکراہٹ ہماری طاقت ہے۔ اللہ آپ کو مکمل اور جلد شفایابی عطا فرمائے۔ایک اور صارف نے حافظ نعیم کے دن بھر کے معمولات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزاح کے انداز میں اپنی محبت کا اظہار ان الفاظ سے کیا کہ ُ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں‘۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے حافظ نعیم الرحمن کی شہر قائد کے حوالے سے محنت اور کوششوں کے حوالے سے کہا کہ ’’کراچی کی سیاست حافظ کے بغیر ادھوری ہے، جلد سے صحت یاب ہو جائیں حافظ بھائی‘‘۔ اسی طرح ایک دوسرے صارف نے حافظ نعیم کے دل میں کراچی اور اہل کراچی کی محبت کے حوالے سے لکھا کہ ’’سارے زمانے کا درد ایک ہمارے ہی دل میں تو ہے۔ اپنے دل کو سنبھالیں اور پھر سے کھڑے ہو جائیں۔ لڑیں گے آخری سانس تک‘‘۔ انہوں نے حافظ نعیم کے لیے دعابھی کی۔

ایک صارف نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ حافظ نعیم کل الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت بچوں کو شاپنگ کروا رہے تھے تو شام میں افطار ڈنر میں درس دے رہے تھے اور اب وہ اسپتال میں ہیں جہاں سے جلد ہی ایک بار پھر نئے عزم کے ساتھ میدان میں ہوں گے ان شا اللہ۔

واضح رہے کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کراچی کی سیاست میں غیر معمولی طور پر سرگرم رہنما ہیں، یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے کارکن بھی ان کی شہر کے حقوق کی جنگ اور مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی ہر طرح کے حالات، مشکل وقت میں اہل کراچی کے درمیان موجود ہوتے ہیں۔ مہنگی بجلی، بارشوں کے بعد شہر کی حالت زار، انتخابی دھاندلی، پانی کی قلت، بے جا ٹیکسز کے خلاف قانونی اور سیاسی جنگ لڑنے کے ساتھ کراچی کے ہر طبقے کے لیے آواز بلند کرنے والے رہنما کے لیے اہل کراچی دعا گو ہیں۔