ملک میں  مزید 30 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

430

کراچی:ملک میں چاروں صوبوں میں مزید 30 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، پختونخوا اور بلوچستان میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس  کی تصدیق کی گئی ہے۔ 30 میں سے 28 ماحولیاتی نمونے گزشتہ ماہ جنوری میں حاصل کیےگئے تھے۔

بلوچستان میں پولیو وائرس کوئٹہ، خضدار،کیچ ، نصیرآباد، پشین اور چمن کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا۔ سندھ میں سے کراچی کے تمام اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو  وائرس کی تصدیق ہوئی۔ حیدرآباد، سکھر اور جامشورو  میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

خیبر پختونخوا میں پشاور کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ پنجاب میں لاہور،  راولپنڈی اور  ڈیرہ غازی خان کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو  وائرس کی تصدیق ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان بھر کے 126 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ اس سال جنوری میں اب تک 28 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو  وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔