ٹرمپ اپنی نا اہلی کیخلاف امریکی سپریم کورٹ پہنچ گئے

284

واشنگٹن :سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی سپریم کورٹ سے کولوراڈو سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے جس میں انہیں ریاست کے 2024 کے صدارتی ابتدائی رائے شماری کے لئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اپنی نااہلی کے خلاف عدالتی  فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے امریکی سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ  دو ہفتے قبل کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے ریپلیکن امیدوار ٹرمپ کو 2024 کی صدارتی دوڑ کے لئے نااہل قراردیا تھا جبکہ یہ فیصلہ چار تین سے آیا تھا، اس فیصلے میں امریکی آئینی شق کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے تحت “بغاوت میں ملوث افراد کو وفاقی عہدہ دینے پر پابندی ہے۔

کولوراڈو کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر ریاستوں میں درج مقدمات میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کو صدارتی دوڑ کے لئے نااہل قراردیا جانا چاہئے کیونکہ وہ 6 جنوری 2021 کو کیپٹل ہل بغاوت میں اکسانے میں ملوث تھے، جس کا مقصد جو بائیڈن کی 2020 کے صدارتی انتخابات میں کامیابی روکنا تھا۔

کولوراڈو سپریم کورٹ کا فیصلہ امریکی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی امریکی عدالت نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ٹرمپ کو 2024 کے صدارتی انتخابات کے لیے نااہل قرار دیا جانا چاہیے۔