سانحہ جڑانوالہ : سیکڑوں افراد کیخلاف مزید 5 مقدمات درج

339
Jaranwala

جڑانوالہ واقعے میں ملوث سیکڑوں افراد کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مزید 5 مقدمات درج کرلیے گئے۔

مقدمات 750 ملزمان کے خلاف درج کیے گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ یہ مقدمات تھانہ صدر جڑانوالہ میں دہشتگردی اور توڑ پھوڑ سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق انتشار پھیلانے کے لیے اکسانے والے مرکزی ملزم سمیت 170 سے زائد افراد قانون کی گرفت میں آچکے ہیں جب کہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ جڑانوالہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مجموعی مقدمات کی تعداد 10ہوگئی ہے۔قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا تھا کہ جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں ملوث 170 ملزمان کی فہرست تیار کی ہے جس میں سے 160 گرفتار کرلیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچن کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔