سعودی عرب: 70سالہ معمر خاتون نے بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کرلی

545

ریاض:سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی 70سالہ معمر خاتون سلوی العمانی نے اپنی بیچلرز کی ڈگری مکمل کرکے اس بات کو سچ کر دکھایا کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی مخصوص عمر نہیں ہوتی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلوی العمانی نے امام عبدالرحمن بن فیصل یونیورسٹی سے سوشیالوجی میں بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کی اور اس موقع پر خاتون کی خوشی دیدنی تھی جب کہ انہوں نے اس حوالے سے اپنی جدوجہد کے بارے میں بھی بتایا۔

خاتون کے مطابق انہوں نے جب جوانی میں بیچلر کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ لیا تو اپنے لیے کیمسٹری کے مضمون کا انتخاب کیا لیکن جلد شادی ہونے کے سبب انہیں تعلیم چھوڑنا پڑی،سلوی العمانی نے 46سال گزر جانے کے بعد 2016میں دوبارہ تعلیم مکمل کرنے کا سوچا لیکن اتنے لمبے وقفے کے بعد ازسرِ نو تعلیم حاصل کرنے میں انہیں کافی مشکلات پیش آرہی تھیں اور سب سے اہم بات یہ کہ وہ اپنی گزشتہ تعلیمی اسناد کھو چکی تھیں۔

بعد ازاں کسی طرح انہیں جامعہ میں داخلہ مل گیا جس کے بعد انہوں نے تعلیم مکمل کی،گریجویشن مکمل کرنے سے متعلق خاتون نے کہا کہ میری گریجویشن اور یونیورسٹی کے اسٹیج پر مجھے عزت دینے کا لمحہ متاثر کن اور لازوال ہے کیونکہ میں نے 46سال تک اس کا انتظار کیا، یہ یاد میرے ذہن میں رہے گی جب تک زندہ رہوں گی۔