شعیب اختر میرے مقروض ہیں‘ثقلین مشتاق نے دلچسپ قصہ سنا دیا

420

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے انکشاف کیا ہے کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر ان کے مقروض ہیں، انہوں نے ان سے کپڑے خریدنے کے لیے رقم لی تھی جو اب بھی واجب الادا ہے۔

ثقلین مشتاق نے  کہا کہ دونوں کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا لگا رہتا تھا اور ایک ساتھ دال روٹی کھایا کرتے تھے۔

انہوں نے شعیب اختر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت جذباتی انسان ہیں، خود مذاق کرلیتے ہیں لیکن کوئی دوسرا مذاق کرے تو برا مان جاتے ہیں۔

ثقلین مشتاق نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب شعیب اختر نے ان سے 250 روپے کپڑے خریدنے کی خاطر ادھار لیے تھے جو اب تک واپس نہیں کیے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ دونوں 25افراد کی ٹیم کے ہمراہ کراچی میچ کھیلنے کے لئے آئے تھے، اس وقت ایک کمرے میں دو کھلاڑیوں کو رہنا پڑتا تھا، میں اور شعیب ایک ہی کمرے میں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہمیں ڈیلی الائونس نہیں ملتا تھا، ہم ڈیڑھ دو ہزار روپے لے کر گھر سے نکل جاتے تھے ، میرے پاس اس رقم میں سے 250 روپے باقی تھے جبکہ شعیب اختر کے پیسے ختم ہوچکے تھے۔ تاہم ایک فلم دیکھنے کے بعد شعیب اختر کو نئے پینٹ شرٹ خریدنے کی خواہش ہوئی تو انہوں نے بقیہ رقم سے وہ کپڑے خریدے۔

ثقلین مشتاق نے مزید بتایا کہ شعیب اختر کو شاپنگ کا بہت شوق تھا، ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی ڈرتے تھے کہ کہیں وہ ان سے پیسے ادھار نہ مانگ لیں۔