امریکا میں چرچ پر فائرنگ میں پادری سمیت 3 افراد ہلاک؛ 6 زخمی

478

واشنگٹن:امریکی ریاست نیو میکسیکو میں 18 سالہ نوجوان نے ایک چرچ کے باہر اندھا دھند فائرنگ کے 3 افراد کو قتل اور 6 کو زخمی کردیا جب کہ ملزم بھی پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو میکسیکو کے شہر فارمنگٹن کے ایک چرچ پر سیاہ لباس پہنے نوجوان نے خودکار اسلحے سے گولیاں برسا دیں۔ملزم نے تعاقب کرنے والے پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا جس سے دو اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں نوجوان حملہ آور مارا گیا۔

فارمنگٹن پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ نوجوان کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پادری بھی شامل ہیں۔تاحال حملے کے محرکات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ ملزم کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔امریکا میں رواں برس کے ابتدائی پانچ ماہ میں فائرنگ کے 225 واقعات رونما ہوئے تھے جن میں درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔