پی سی بی لیول ٹو امپائرنگ کورس میں سندھ کے درجنوں امپائرز نظر انداز

417

کراچی:پاکستان کرکٹ بورڈ لیول ٹو امپائرنگ کورس میں لیول ون پاس کرنے والے کراچی وحیدرآباد سمیت سندھ کے درجنوں امپائرز نظر انداز کردیے گئے ۔

من پسند امپائرز کو کورس ٹو کے لیے منتخب کر کے ای میل بھیج دی گئیں ۔امپائرنگ حلقوں کی چیئر مین پی سی بی سے نوٹس لینے کی اپیل  کردی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ امپائراینڈ ریفری ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت لیول ون 3روزہ آن لائن کورس 2021 میں کروایا گیاتھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے بلال قریشی اور عبدالحمید نے ملک کے مختلف سینٹرز میں جا کر امتحانات کا انعقاد کیا جن میں تقریباً 150 کے قریب امپائرزز نے لیول ون کورس پاس کیا اور پی سی بی کی جانب سے ای میلز بھیجی گئی جس میں  انہوں نے پاس ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔

لیول ون کورس پاس کرنے کے بعد امپائرزرز دو سال تک اسکول،کالج،کلب،کمیونٹی لیگ میں ایمپائرنگ کے فرائض احسن طریقے سے انجام دیتے رہے اور ان میچز کا سارا ریکارڈ پی سی بی اور لوکل کرکٹ ایسوسی ایشن کے پاس موجود ہے ،تاہم اب پی سی بی لیول ون کرنے والے امپائرز کو فراموش کر کے لیول ٹو کورس کروانے جا رہا ہے تاہم اس بار لیول ون کورس پاس کرنے والے کراچی و حیدرآباد سمیت اندرون سندھ کے کامیاب امپائرز کو ای میل نہیں بھیجی گئیں بلکہ ملک بھر سے من پسند افراد کو ای میل بھیج کر کورس کی اطلاع اور رجسٹریشن کے لیے کہا گیا ہے۔

من پسند امپائرز میں پی سی بی کے نمائندے بلال قریشی کے شہر راولپنڈی و اسلام آباد کے امپائرز کی اکثریت ہے،دل چسپ بات یہ ہے کہ امپائرز کے ساتھ ہونے والی اس نا انصافی پر سندھ کی مختلف ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز تمام تر معاملات کا علم ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں ۔

متاثرہ امپائرز نے چیئر مین پی سی بی ،ممبر گورننگ بورڈ شکیل شیخ ،لالہ تنویر سے اپیل کی ہے کہ سندھ کے لیول ون امپائرنگ کورس پاس کرنے والے امپائرز سے نا انصافی نہ کی جائے انہیں بھی لیول ٹو کورس میں شامل کیا جائے ۔