الخدمت: 10کروڑمالیت سے متاثرہ مساجد ومدارس کی مرمت

498
الخدمت: 10کروڑمالیت سے متاثرہ مساجد ومدارس کی مرمت

کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی جانب سے حالیہ سیلاب اورطوفانی بارشوں کے باعث متاثرہونے والی مساجد ومدارس کی تعمیرومرمت  پر 10کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جاچکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ سیلاب کے باعث سینکڑوں مساجد ومدارس کو نقصان پہنچا،بعض مساجد مکمل طورپر شہید ہوچکی تھیں جبکہ سینکڑوں مساجد ومدارس کو جزوی نقصان پہنچا۔

الخدمت سندھ کے شعبہ سماجی خدمت کے تحت سکھر،بدین، گھوٹکی، جیکب آباد، مٹیاری اورمیرپورخاص سمیت سندھ بھرکے مختلف اضلاع میں سروے کی بنیادپر 144مساجد اور71مدارس کی تعمیرومرمت کا کام مکمل ہوچکاہے۔ 

الخدمت کی جانب سے  6کروڑ6لاکھ 84ہزار روپے سے زائد  رقم سے 144مساجد کی تعمیرکی گئی جبکہ 71مدارس کی تعمیرپر 4کروڑ 21لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی۔اس طرح کل 10کروڑ27لاکھ 84ہزارروپے سے زائد رقم سے مساجد ومدارس کی تعمیرات کا کام مکمل ہوا۔

الخدمت شعبہ سماجی خدمات کے چیئرمین سیدمحمدیونس کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے جہاں ہزاروں مکانات متاثرہوئے، وہیں سینکڑوں مساجد ومدارس کو بھی نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے نمازیوں اور سینکڑوں طالبعلموں کو شدیدپریشانی کاسامناتھا،الحمدللہ مخیرحضرات کے تعاون سے215مساجدومدارس کی تعمیرومرمت کاعمل ممکن ہوسکا۔

ان کامزیدکہناتھاکہ نیکی کا یہ عمل جاری ہے،رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں اہل خیرحضرات سے تعاون کی اپیل ہے۔