کراچی یونیورسٹی میں تدریسی سرگرمیاں تیسرے روز بھی معطل

857

کراچی: شہر قائد کی جامعہ کراچی میں اساتذہ کی ہڑتال کے باعث تدریسی سرگرمیاں مسلسل تیسرے روز بھی معطل رہیں۔

جامعہ کراچی کے اسٹاف کلب میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں شہر کی مختلف اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان، طلبہ ایسوسی ایشنز اور ملازمین کے وفود نے جامعہ کراچی کی انجمنِ اساتذہ (سپلا) سے ملاقات میں اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر انجمنِ اساتذہ کے نائب صدر غفران عالم نے شرکا کو بتایا کہ کئی برس سے التوا کا شکار سلیکشن بورڈ اور دیگر مالی مسائل کی وجہ سے جامعہ کراچی جیسا تعلیمی اور تحقیقی مرکز تباہی سے دو چار ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہ علی القدر صدر سندھ فپواسا نے کہا کہ پورے سندھ کے اساتذہ کراچی یونیورسٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قبل ازیں آفیسرز اور ملازمین کی تمام منتخب ایسوسی ایشنز اور تنظیموں نے شرکت کی اور اساتذہ کے سلیکشن بورڈ اور مالی مسائل کو پوری یونیورسٹی کا مشترکہ مسئلہ قرار دیا تھا۔

علاوہ ازیں اسلامی جمعیت طلبہ، اے پی ایم ایس او، پختون اسٹوڈنٹ کونسل، بلوچستان اسٹوڈنٹ فرنٹ اور دیگر طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے بھی اساتذہ کے مطالبات سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔