بلوچستان: آٹا ذخیرہ اور مہنگا بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

414
بلوچستان: آٹا ذخیرہ اور مہنگا بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ گندم اور آٹا ذخیرہ کرنے اور مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈان میں مزید تیزی لائی جائے۔

وزیراعلی بلوچستان نے تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ گندم اور آٹے کے بحران سے موثر طور پر نمٹا جائے، ذخیرہ اندوزی کے ذریعے گندم اور آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی سرحدی اضلاع کی انتظامیہ گندم اور آٹے کی بیرون ملک سمگلنگ کی روک تھام یقینی بنائے، گندم، آٹے کے بحران اور ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کے جائزہ کے لئے وزیراعلی سیکرٹریٹ میں مانیٹرنگ ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلی سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری کیپٹن(ر) جمیل بلوچ ڈیسک انچارج تعینات کر دیا گیا، ڈیسک روزانہ کی بنیاد پر گندم ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کی رپورٹ مرتب کر کے وزیراعلی کو پیش کرے گا، وزیر اعلی نے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کی کہ اس حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ مانیٹرنگ ڈیسک کو ارسال کی جائے۔

دریں اثنا وزیراعلی سے وزیر خوراک و خزانہ زمرک خان اچکزئی نے رابطہ کیا، گندم اور آٹے کی کمی سے عوام کو درپیش مسائل اور بحران کے حل سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ عوام گندم اور آٹے کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، بات چیت میں فیصلہ کیا گیا کہ پاسکو اور پنجاب سے فوری طور پر گندم کے حصول کے لیے کوشش کی جائے گی، محکمہ خوراک کی ٹیمیں بھی مارکیٹ میں گندم اور آٹے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گی۔