شادی ہالز کے باہر کتابیں بیچنے والے بچے منظم مافیا کے سہولت کار بن گئے

769

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی کے شادی ہالز کے باہر کتابیں فروخت کرنے والے بچے منظم مافیا کے سہولت کار بن گئے۔ شہر قائد میں کتابیں فروخت کرنیوالے بچوں کے ذریعے چوری کے نئے طریقہ واردات کا انکشاف ہوا ہے۔

شادی کی تقریب میں شریک شہریوں کے شادی ہال کے باہر موجود بچوں نے جیب تراشنا شروع کردیا ہے، جس سے شہریوں کو لوٹنے کا ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے اور شادی ہالوں کے باہر کتابیں فروخت کرنے والے بچے خوف کی علامت بن گئے ہیں۔

نارتھ کراچی سیکٹر فائیو اے ون کے رہائشی محمد اسلم کے بیٹے فہد اسلم کی تقریب ولیمہ کے موقع پر نارتھ ناظم آباد کراؤن بینکو یٹ کے باہرچوری کا حیرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے جب تقریب کے میزبان محمد اسلم کسی عزیز کو لینے شادی ہال سے باہر آئے تو میزبان کو شادی ہال کے باہر موجود کتابیں فروخت کرنے والے بچوں نے چاروں طرف سے گھیر لیا اور ان کے جیب میں موجود 15ہزار روپے مالیت کے لفافے نکال کر رفو چکر ہو گئے۔

اس حوالے سے شادی ہال میں شریک مہمانوں نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  بتا یا  کہ  نارتھ ناظم آباد کے شادی ہالز کے باہر اس طرح کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں اور ہرگزرتے دن کے ساتھ ان میں اضافہ ہوتاجارہا ہے جس میں منظم مافیا ملوث بتایا جاتا ہے۔شادی ہالوں کے باہرہاتھوں میں کتاب لیے بچے منفی سرگرمیوں میں ملوث ہو نے کے ساتھ آنے والے شہریوں کے لیے خوف کی علامت بن گئے ہیں۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ بس اسٹا پس اور شادی ہالوں کے با ہر موجود بچے جو ہاتوں میں کتاب یا پھول لیکر فروخت کررہے ہوتے ہیں ان بچوں کے پیچھے ایک منظم گروہ ہوتا ہے جو ان بچوں کو استعما ل کرتا ہے اور آئے دن کراچی میں اس طرح کی واردتیں ہوتی ہوئی نظر آتی ہیں ۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کی چوری کی وارداتوں میں بچوں کواستعمال کیا جاتا ہے کہ ایک تو وارادات کے وقت ان پر شبہہ کم ہوتا ہے اور وہ باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، دوسرا یہ کہ اگر پکڑے بھی جائیں تو بچوں کے لیے قانون میں زیادہ سختی نہیں ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ایسی وارداتیں دیکھنے میں آرہی ہیں جن میں بچوں کو اس طرح کے کاموں میں استعمال کیا گیا ہے۔

واضح رہے کے 2 روز قبل بھی شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 13میں واقع شادی ہال میں 2 مسلح ڈاکو گھس گئے تھے، جنہوں نے اسلحہ کے زور پر مہمانوں کو یرغمال بنا کر ایک درجن سے زائد افراد سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا تھاجب کہ شادی ہال کے باہر کھڑی اپنی موٹرسائیکل پر بیٹھ کر مسلح ڈاکو باآسانی فرار ہوگئے تھے۔