صحافیوں پر حملوں کی نگرانی اور رپورٹنگ سے متعلق اسلام آباد میں پی پی ایف کی ورکشاپ

432

اسلام آباد :پی پی ایف نے دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں کے خلاف جرائم کے لیے استثنیٰ کی شرح کو کم کرنے کے لیے صحافیوں پر حملوں کی نگرانی اور رپورٹنگ پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

پاکستان پریس فاؤنڈیشن (PPF) کے زیر اہتمام صحافیوں پر حملوں کی نگرانی اور رپورٹنگ سے متعلق دو روزہ ورکشاپ کے دوران “صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے ایکٹ، 2021” کے نفاذ اور ایکٹ کے تحت مطلوبہ کمیشن کی تشکیل پر زور دیا گیا۔پی پی آئی کے مطابق ورکشاپ کے دوران صحافی یونینوں کے کردار اور یونینوں کے درمیان اتحاد پر بھی زور دیا گیا۔

ورکشاپ کا انعقاد پاکستان پریس فاؤنڈیشن نے یورپی یونین کے تعاون سے سول سوسائٹی فار انڈیپنڈنٹ میڈیا اینڈ ایکسپریشن (CIME) کے منصوبے کے تحت کیا ہے۔

ورکشاپ کا مقصد اسلام آباد میں صحافیوں پر ہونے والے حملوں کی رپورٹنگ اور نگرانی کرنے اور حال ہی میں نافذ کیے گئے صحافیوں کے تحفظ کے قوانین کی دفعات کو استعمال کرنے کے بارے میں تربیت فراہم کرکے صحافیوں کی حفاظت کو فروغ دینا ہے۔

ورکشاپ میں بحث، سرگرمیوں اور پریزنٹیشن نے شرکاء  کو صحافیوں کے ساتھ ہونے والے حملوں یا کسی بھی واقعے کی رپورٹنگ کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد کی۔

صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے ایکٹ، 2021 اور معلومات تک رسائی کے حق کے قانون، 2017 پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان ایکٹ کے استعمال اور نفاذ پر زور دیا۔

ورکشاپ کے شرکاء نے جو کہ مختلف پریس کلبوں کے عہدیداران تھے، پاکستان پریس فاؤنڈیشن کی جانب سے ایسے تربیتی سیشنز کے انعقاد پر کاوشوں کو سراہتے ہوئے ایسے تربیتی سیشنز کو جاری رکھنے کی درخواست کی۔