ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی

360

سڈنی : ٹی 20ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں  پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی۔

آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز آج اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی۔اسی روز دوسرا میچ سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ٹی 20ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا میں جاری ہیں۔میگا ایونٹ میں آج اتوار کو گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔مایہ ناز بیٹر بابر اعظم پاکستان کو لیڈ کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد نواز اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم جارح مزاج بیٹر روہیت شرما کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور اسے تجربہ کار بیٹر ویرات کوہلی، ہارڈیک پانڈیا، بھونیشور کمار، سوریا کمار یادیو کی خدمات حاصل ہوں گی۔اس سے قبل گروپ ون کا میچ سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 27 اکتوبر کو زمبابوے، 30 اکتوبر کو نیدرلینڈز، 3 نومبر کو ساؤتھ افریقا اور 6 نومبر کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔