پی ٹی سی ایل گروپ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے اپنے طبی مراکز کھول دیئے

308
پی ٹی سی ایل گروپ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے اپنے طبی مراکز کھول دیئے

کراچی: پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)گروپ نے سوات، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، میرپور خاص، لاڑکانہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور کراچی کے علاقے ملیر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے اپنے طبی مراکز کھول دیئے ہیں۔

ان مراکز میں آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں، اور بارشوں و سیلاب کے باعث حادثات میں زخمی ہونے والوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے طول و عرض میں لوگوں کو ناقابل تلافی جانی و مالی نقصان پہنچ چکا ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے بڑے علاقے، بازاروں، کھڑی فصلوں اور شہری مراکز میں گندا پانی کھڑا ہے۔ حکومت پاکستان نے سیلاب اور اسکی تباہ کاریوں سے بروقت نمٹنے کیلئے تمام چاروں صوبوں کے درجنوں اضلاع میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں پی ٹی سی ایل گروپ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی طبی سہولیات میں وسعت لاکر متاثرہ افراد کی معاونت کے لئے کوشاں ہے۔

اس اقدام پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف پیپل آفیسر، شعیب بیگ نے کہا، “پاکستانی کمپنیوں کے طور پر، پی ٹی سی ایل اور یوفون کو حالیہ سیلاب کے نتیجے میں مشکل کی اس گھڑی کے موقع پر اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی گہری ذمہ داری کا احساس ہے ۔

ہم سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں کو آرام اور سہولت پہنچانے کے لئے اپنے موجودہ وسائل کی مدد سے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

“ملک میں امداد اور بچا کی سرگرمیاں جاری رکھنے سے متعلق بلاتعطل کنکٹویٹی برقرار رکھنے کے لئے مسلسل کام کرنے کے ساتھ ساتھ پی ٹی سی ایل گروپ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنے انفراسٹرکچر کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو سہولت پہنچانے کے لئے پرعزم ہے اور ملک میں عوامی صحت کے حوالے سے اپنی خدمات اور سہولیات پیش کررہا ہے۔