سندھ میں بارشوں نے تیس سال کا رکارڈ توڑ دیا ہے، نثار کھوڑو

273
سندھ میں بارشوں نے تیس سال کا رکارڈ توڑ دیا ہے، نثار کھوڑو

کراچی: پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سنیٹرنثاراحمدکھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں بارشوں نے تیس سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو نے ضلعی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں قیامت خیز بارشیں ہوئی ہیں، سندھ کے تمام متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب میں غریبوں کے مکانات، زراعت اور مویشی متاثر ہوئے ہیں؛ پہلے لوگ پانی کیلئے دعا مانگ رہے تھے، اب بارشیں بھی ہیں اور دریا میں سیلاب بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بے انتہا نقصان ہوا ہے، بیرون ممالک اور این جی اوز سے بھی امداد کی اپیل کی گئی ہے،  پی پی چیئرمین کو پہنچنے میں دیر ہوئی مگر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ موسم کا مقابلہ انسان نہیں کر سکتا، ہمت اور حوصلے سے کام لینا ہو گا، ہم اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 341 اموات ہوئی ہیں، فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے، حکومت نے بھی عوام کیلئے اعلانات کیے ہیں، اس ملک میں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ادارے ہیں مگر حیدرآباد میں مطلوبہ خیمے تک نہیں ملے، فلاحی اداروں کی رلیف سرگرمیوں کو خراج پیش کرتے ہیں۔