سرگودھا؛ معمولی بات پر شروع جھگڑا بڑے تصادم پر ختم ہوا، 3 سگے بھائی ہلاک

171
کھلونا پستول دکھاکر شہریوں کو لوٹنے والا گینگ پکڑا گیا

سرگودھا: بچوں کے درمیان معمولی بات پر شروع ہونے والے جھگڑے میں بڑے کود پڑے، جس کے نتیجے میں 3 سگے بھائی جاں بحق اور 3شدید زخمی ہو گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھیرہ کے نواحی قصبے ہاتھی ونڈ میں بچوں کے مابین شروع ہونے والا معمولی جھگڑا مسلح تصادم کی صورت اختیار کرگیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 شدید  زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی سب آپس میں بھائی ہیں۔

پولیس کے مطابق ایک گروپ کے ملزمان نے دوسرے کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس میں محمد اسلم، نواز اور شاہد عمران جاں بحق ہو گئے۔  ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے لیا اور آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔ ڈی پی او سرگودھا بلال ظفر شیخ کے مطابق کرائم سینیونٹ اور فرانزک ٹیموں کی مدد سے تمام شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیلدے دی گئی ہیں۔