کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کا آغاز ہوگیا، 22ارب لاگت میں مکمل ہوگا

393
project started

کراچی: سیکورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ منصوبے کی لاگت جو پہلے 44 ارب روپے تھی، اسے 22 ارب پر لایا گیا ہے 

 میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ حکومتِ سندھ اور نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) کا مشترکہ منصوبہ ہے۔2016 میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس منصوبے کو شروع کرنے کی ہدایت کی تھی جو متعدد وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوا۔

جنوری 2022 میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد کو ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کا اضافی چارج سونپا گیا، اس کے بعد سے اس منصوبے کے آغاز میں تیزی دیکھی گئی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت اور ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کی زیر صدارت مختصر عرصے کے دوران کئی اجلاس منعقد ہوئے۔چیف سیکریٹری سندھ نے ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تاکہ منصوبے کا ازسرِنو تکنیکی اور مالیاتی جائزہ لیا جاسکے۔تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل غور و خوض کے بعد منصوبے کی لاگت جو پہلے 44 ارب روپے تھی، اسے 22 ارب پر لایا گیا۔