مہنگائی کے تناظر میں دفاعی بجٹ کم ہوا، پاک فوج کابجٹ پر ردعمل

370

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ میں خطرے کا ادراک، چیلنجز کو مدنظر رکھا جاتا ہے، مہنگائی کے تناظر میں دیکھیں تو دفاعی بجٹ کم ہوا ہے،بھارت کا دفاعی بجٹ ہر سال بڑھتا ہے۔

وفاقی بجٹ منظور ہونے کے بعد پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ جب بھی بجٹ آتا ہے، دفاع کے بجٹ پر ہمیشہ بحث شروع ہوجاتی ہے،2020سے فوج نے اپنے بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ جی ڈی پی کی اوسط کےمطابق دفاعی بجٹ کم ہورہاہے، لیکن ہم نے اپنی حربی صلاحیتوں میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی، ہم محدود وسائل میں اپنی ذمہ داریاں پوری کررہے ہیں، آرمی چیف کی جانب سے ڈیزل  اورپیٹرول کی بچت کیلیے ہدایات کی گئیں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال فوج نے کورونا کی مد میں 6ارب روپے واپس کیے، آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے سالانہ ٹیکس کی مد میں 2.2 ارب روپے جمع کرایا، آرمی چیف نے فوجی مشقیں قریبی علاقوں میں کرنے کی ہدایت کی ہے،ہماری 40 فیصد فوج مغربی بارڈر پر تعینات ہے جبکہ 50 فیصد سے زائد فوج مشرقی بارڈر پر تعینات ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالوانے کیلیے بھارت نے لابنگ کی،  ایف اے ٹی ایف اجلاس سےمتعلق کوئی تبصرہ نہیں کریں گے،سابق حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی،جھوٹ کا سہارا لے کر اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کا حق کسی کو نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کی دفاعی قوت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیاہے،عسکری سفارتکاری نےپاک چین دوستی کو مزید مستحکم کیا، ایپکس کمیٹی کی صدارت چین کے صدر کے پاس ہے،سی پیک کی سیکیورٹی پاک فوج کو دی گئی ہے،سی پیک کی سیکیورٹی پر 24گھنٹے کام کیا جارہاہے۔

میجر جنرل بابر کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی صحت بہت خراب ہے،پرویز مشرف کی واپسی کیلئے ان کے خاندان سے رابطہ کیا گیا ہے،پرویز مشرف کی واپسی کا فیصلہ ان کے خاندان اور ڈاکٹرز نے کرنا ہے۔