بلدیاتی انتخابات میں شہری آزمودہ لوگوں کو مسترد کردیں،جماعت اسلامی سکھر

209

سکھر( رپورٹ : آصف خان ) جماعت اسلامی کے نامزد کردہ بلدیاتی امیدواروں اور ہنماؤں نے کامیابی کی صورت میں شہریوںکی بلا امتیاز بلدیاتی خدمت اور کرپشن بد عنوانی سے پاک بلدیاتی نظام کو استوار کیا جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی تباہی زبوں حالی کے ذمے دار، شہریوں کو صاف پانی صحت صفائی اور بنیادی بلدیاتی حقوق سے محروم کرنے والی سیاسی جماعتوں کے آزمودہ لوگوں کو مسترد کر دیں اور جماعت اسلامی کے پاس محب وطن عوام دوست دیانتدار مخلص قیادت موجود ہے جو عوام کے مسائل کا ادراک اور احساس رکھتی ہے ۔گزشتہ شب گلشن ہالار ہال سکھر میں جماعت اسلامی سکھر کے نامزد کردہ بلدیاتی امیدواران کی ایک تقریب عشائیہ منعقد ہوئی ، جس میں جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو، امیر ضلع سکھر ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری ، امیر سکھر شہر زبیر حفیظ شیخ، ممتاز تاجر رہنما سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئر مین حاجی جاوید میمن، جواد میرانی، اسامہ حفیظ ، بلدیاتی امیدواروں منصور شیخ، روشن تنیو، محمد علی مہر، ایڈووکیٹ سکندر جونیجواورمنظور لاشاری سمیت دیگر نے خطاب کیا ، جبکہ انچارج پولیٹیکل سیل احسان حفیظ شیخ، خیر محمدتنیو، زکریا میمن،قیم ضلع عبدالحلیم تنیو، انچارج سوشل میڈیا سندھ عبدالمالک تنیو ، سرفراز صدیقی اوربلال انصاری سمیت دیگر موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنما مولانا حزب اللہ جکھرو ، ایڈووکیٹ سلطان لاشاری ،زبیر حفیظ شیخ اور بلدیاتی امیدواران نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی روایات کے مطابق اچھی شہرت کے مالک با کردار بلدیاتی امیدواروں کو بلدیاتی انتخابات کیلیے کھڑا کیا ہے،جماعت اسلامی الخدمت کی صورت میں ملک بھر میں فلاح و بہبود خدمات کے پروجیکٹ چلا رہی ہے،اس کے پاس کرپشن سے پاک ٹیم موجود ہے ،جماعت اسلامی میںباپ بیٹوں کی سیاسی وراثت کی تقسیم کا نظام نہیں بلکہ صرف اہلیت کی بنیاد پر چلتی ہے اور مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں نے ملکی اور بلدیاتی سطحوں پر عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے، سکھر شہر کی تباہی کے ذمے دار سابق ذمے داران ہیں جنہیں عوام نے ووٹ دیکر بلدیاتی اداروں میں بھیجا لیکن انہوںنے شہر کو بری طرح تباہ و برباد کر دیا۔شہریوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، نالیوں گڑوں ، سیوریج کا نظام تباہ ہے، گندے آلودہ پانی کے باعث ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں نظر آنے والے موسمی پرندے ایک بار پھر انتخاب میں کامیابی کیلیے آگئے ہیں، شہری تباہی بربادی کے ذمے دار لوگوں کو مسترد کر دیں۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا کہ سراج الحق نے بطور وزیر خزانہ کے پی کے اور نعمت اللہ خان ، عبدالستار افغانی نے میئر کراچی کے طور پر شاندار خدمات سر انجام دیں، ان کا دامن کرپشن سے پاک رہا ہے، سکھر کے شہری دیانتدار قیادت کو منتخب کریں جو ان کے مسائل کو حل کرے، جماعت اسلامی کے امیدوار علاقہ لوگوں کے مسائل کے حل کیلیے کوشاں رہتے ہیں جو ایماندار دیانتدار ہیں، انہیں کامیاب کرایا جائے، ہمارے نمائندے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے، اہل سکھر نے جن لوگوں کو سالہاسال سے بٹھا رکھا ہے انہوں نے بربادی کے سوا کچھ نہیں دیا، شہری پینے کا صاف پانی سے محروم ہیں ، سرکاری اسپتالوں میںمریضوں کا پرسان حال نہیں، سکھر کے نمائندے شہر میں کوئی بڑا پروجیکٹ نہیں لا سکے ہیں۔تاجر رہنما جاوید میمن نے خطاب کرتے کہا کہ سیاسی مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان کا فارم مسترد کرادیا گیا، الیکشن میں سیاسی لوگ براجمان کر رکھے ہیں جنہوں نے پورے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے، سرکاری مشینری کو استعمال کیا جا رہا ہے ،ہم مقابلہ کریں گے، عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتحال ابتر ہے، پینے کا صاف پانی میسر نہیں، روڈ راستے گلیاں تباہ حال میں، میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی کے لوگ صاف شفاف نمائندے ہیں وہ نہ بکنے والے نہ جھکنے والے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ اچھے نمائندوںکو کامیاب کرایا جائے ، سکھر کی تباہی کے ذمے داروں کو شہری مسترد کر دیں، جنہیں تعمیر و ترقی کیلیے کروڑوں روپے ملے تاہم ان کا حساب لینے والا کوئی نہیں، فنڈز خوردبرد کیے گئے جا رہے ہیں ، اب الیکشن میں متحرک نظر آنے والوں سے سوال کیا جائے کہ وہ پہلے کہاں تھے۔