کراچی میں دودھ فروشوں کی من مانیاں،فی لیٹر 10 روپے اضافہ

258

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کردیا۔ ترجمان ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے مطابق دودھ کی نئی قیمت کا اطلاق کراچی میں 26 مئی سے ہوگا، جس کے بعد دودھ کی نئی قیمت 160 روپے فی لیٹر ہو جائیگی۔ ترجمان کے مطابق ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز نے نئی قیمت کا تعین کیا۔ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنما شاکر عمر گجر کے مطابق ملک میں مہنگائی کی وجہ سے دودھ کی پیداوارکا خرچہ بڑھ گیا ہے، چارہ، ونڈا اور بھوسا ڈیری فارمرز کی پہنچ سے اوپر چلا گیا ہے۔ دودھ کی قیمت میں اضافے کے اعلان پر کمشنر کراچی کی جانب سے فی الحال ردعمل سامنے نہیں آسکا۔