کے الیکٹرک نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ، مرزا عالم بیگ

159

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)عالمی مجلس امن برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مرکزی رہنما اورمعروف سماجی ر ہنماء مرزا عالم بیگ نے کراچی میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ کے الیکٹرک نے شدید گرمی میں کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی کراچی سے بجلی غائب کردی گئی ہے،ا یسا لگتا ہے کہ کے الیکٹرک نے سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مرزا عالم بیگ نے کہا کہ کراچی کی بہتری اور ترقی کے لیے متحدہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، وفاق کی جانب سے1100 میگاواٹ ملنے کے باوجود کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی ناپید ہے، کے الیکٹرک کا پیداواری اور تقسیم کا نظام تباہ حال ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور کے الیکٹرک کی ساری توجہ شہریوں کو بھاری بلوں کے ذریعے لوٹنے پر ہے، کراچی کے شہریوں سے بلوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے لوٹنے والی کے الیکٹرک شہریوں کو کچھ گھنٹے بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہے۔مرزا عالم بیگ نے مزید کہا کہ مریضوں ، بزرگوں اور بچوں کا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے برا حال ہے مگر کے الیکٹرک کو کسی کا احساس نہیں ہے، الیکٹرک اپنا قبلہ درست کرلے اور کراچی شہریوں کے صبر کا امتحان نہ لے۔ مرزا عالم بیگنے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہونے والی اس زیادتی کا فوری نوٹس لیں۔