تفھیم الاحکام

352

سوال: صدقہ فطر کی رقم کتنی ہے؟
جواب: صدقہ فطرگندم کے لحاظ سے پونے دو سیر آٹا یا اس کی مالیت ہے جو کہ تقریباً سوا دو کلو آٹا بنتا ہے جس کی قیمت تقریبا ڈیڑھ سو روپے ہیں۔ اس لحاظ سے اس رمضان میں صدقۃ الفطر ڈیڑھ سو روپے ہوگا۔ صدقۃ الفطر ہر مسلمان عاقل، بالغ، نابالغ، مرد اور عورت پر واجب ہے یہاں تک کہ عید کی رات پیدا ہونے والے بچے کا فطرہ بھی ادا کیا جائے گا۔ جو لوگ صاحب استطاعت ہیں ان کو چاہیے کہ کشمش، جو اور کھجور کے لحاظ سے فطرہ ادا کریں مذکورہ اشیا کا نصاب ساڑھے تین کلو ہے۔
٭…٭…٭
سوال: فدیہ صوم اور فدیہ صلوٰۃ کتنا ہے اور ان میں کیا فرق ہے؟
جواب: اسلام دین رحمت ہے۔ وہ اپنے ماننے والوں کے اوپر جبر نہیں کرتا اور نہ ہی تنگی چاہتا ہے۔ اسی لیے اسلام نے جہاں روزے فرض کیے وہیں رخصتیں بھی عطا فرمائی۔ ایک ایسا آدمی جو شدید بیمار ہو اور اس کے روزے رہ جائیں اور اسی حالت میں انتقال ہوجائے کہ وہ روزے نہ لوٹا سکا یا کوئی ایسا آدمی جو شیخ فانی کے حکم میں آتا ہو اور روزے نہ رکھ سکتا ہو، ایسے لوگوں کے لیے فدیہ صوم رکھا گیا ہے۔ اسی طرح مذکورہ افراد کی نمازیں رہ جائیں تو اس پر فدیہ صلوٰۃ رکھا ہے۔ یاد رہے فدیہ صوم، فدیہ صلوٰۃ اور فدیہ فطر کا نصاب ایک ہی ہے یعنی پونے دو سیر آٹا اور اس رمضان میں یہ ڈیڑھ سو روپے ہیں۔
٭…٭…٭
سوال: صدقۃ الفطر کب تک ادا کیا جائے گا؟
جواب: صدقۃ الفطر کی بارے میں آپؐ کے فرامین سے پتا چلتا ہے کہ یہ عید کی نماز سے قبل ادا کرنا لازمی ہے۔ ناگزیر وجوہات کی وجہ سے اگر عید کی نماز سے پہلے ادا نہیں ہوسکا تو اس کا کوئی کفارہ نہیں ہے بلکہ نماز عید کے بعد بھی ادا کرسکتے ہیں۔
٭…٭…٭
سوال: عید الفطر کی نما زکا طریقہ کیا ہے؟
جواب: عید الفطر کی نماز واجب ہے۔آپؐ عیدین کی نمازیں کسی کھلے میدان میں ادا کیا کرتے تھے۔ عیدین کی نمازوں میں اقامت نہیں ہوتی۔ نماز عید کے بعد مسنون خطبہ ہوتا ہے جس کا سننا واجب ہے جس طرح نماز عید واجب ہے۔ عید الفطر کی نماز میں چھ زائد تکبیریں ہوتی ہیں۔ تکبیر تحریمہ کے بعد ثناء پڑھی جائے گی پھر تین زائد تکبیریں ہوںگی، پھر سورۃالفاتحہ اور قرأت ہوگی، رکوع اور سجود کے بعد دوسری رکعت ادا کریں گے۔ دوسری رکعت میں رکوع میں جانے سے قبل تین زائد تکبیریں ادا کی جائیں گی اور اس کے بعد دو رکعات مکمل کی جائیں گی۔