ٹنڈوالٰہیار: انتظامیہ رٹ قائم کرنے میں ناکام ،مہنگائی بے قابو

118

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)مہنگائی بے قابو، انتظامیہ اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہوگئی، رمضان شروع ہوتے ہی منافع خور روایتی طور پر میدان میں آگے ہیں، انتظامیہ کی جاری کردہ ریٹ لسٹیں غیر مؤثر دوکانداروں کی من مانیاں عروج پر ہیں۔ضلعی ٹنڈوالہیار کے سیاسی وسماجی رہنما ودیگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رمضان الکریم شروع ہوتے ہی منافع خور روایتی انداز میں میدان میں اُتر چکے ہیں اور انتظامیہ اپنی رٹ قائم کرنے اور اشیاء خردونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جاری کردہ ریٹ لسٹس غیر مؤثر ہو چکی ہیں اور پھل سبزیاں، گوشت اور دیگر اشیاء خورو نوش عوامی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں اس وقت مارکیٹوں میں انتظامیہ کی جاری کردہ ریٹ لسٹس کے بلکل بر خلاف تربوز 80 سے 100 روپے خربوزہ 70 سے 80 روپے کیلا 80 سے 100 روپے مرغی کا گوشت 480 سے 500 روپے گاکا گوشت 600 سے 650 روپے دودھ 130 روپے دہی 160 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ انتظامہ کی جانب سے پرائز کنٹرول کے لیے بنائی جانے والی ٹیمیں انتظامی رٹ قائم رکھنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ بیان میں کمشنر حیدرآباد اور دیگر متعلقہ اداروں سے پر زور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اشیائخورو نوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت اقدامات کی جائیں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاکر عبرت کا نشان بنایا جائے۔