ہلال احمر کے زیر انتظام ڈائیلاسز سینٹر کو فعال رکھا جائے

203

سکھر (نمائندہ جسارت) ہلال احمر سوسائٹی خیرپور کا اہم اجلاس ایگزیکٹوکمیٹی کے صدر ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہلال احمر میڈیکل کمپلیکس خیرپور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ماہر قانون سید صغیر حسین زیدی ، سیکرٹری ڈاکٹر محمد حسین ابڑو، ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر مراد علی خمیسانی سمیت ایگزیکٹو اور اسٹیئرنگ کمیٹی کے تمام عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو نے ہلال احمر کے نظام کو بہتر طور پر انجام دینے کے لیے انڈو منٹ فنڈ میں اضافے اور خرچ میںکمی کرکے عوام کو زیادہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈی سی خیرپور نے کہا کہ ہلال احمر کے زیر انتظام ڈائیلاسز سینٹر کو ہر صورت میں فعال رکھا جائے ۔ اجلاس میں دیگر اہم معاملات پر تفصیل سے غور و خوص کیا گیا ۔ اجلاس میں ڈاکٹر مراد علی خمیسانی نے میڈیکل کمپلیکس کی انتہائی ضروری مرمت، دکانوں کے کرایہ ناموں کے نئے ایگریمنٹ، مشنری کی ضرورت، دوسری منزل واپس لینے اور دیگر اقدامات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ خیرپور میڈیکل کالج اسپتال میں قائم ایمرجنسی وارڈ میں 14 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے لیے بیڈز کی اشد ضرورت ہے پروڈکشن فنڈز کی رقم قلیل ہے جس سے انتظام چلانے میں مشکل پیش آتی ہے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو نے دکانوں، آسی یو، پیتھالوجی لیب، آپریشن تھیٹر ، پی پی ایچ آئی آئی اسپتال، لیبر روم سمیت دیگر شعبہ جات کا تفصیل سے دورہ کیا ۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر زاہدہ پروین سومرو، ڈاکٹر اعجاز گاجانی، سید نیر خورشید زیدی، اطہر حسین شاہ، ڈاکٹر میر اللہ بخش ٹالپور، ڈاکٹر اللہ ورھایو پنھیار ، شجاعت احمد صدیقی، حاجی یار محمد شیخ، ڈاکٹر انور بوذدار،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید ساجد حسین شاہ سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی ۔