رمضان کے مبارک مہینے میں غریبوںکی مددکی جائے

243

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) اللہ تعالیٰ نے ہمیں رحمتوں اور برکتوں والے مہینے کی ساعتیں عطاکی ہیں،ہم حضورنبی کریم حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے غلام ہیں اور ہم پر لازم ہے کہ ہم اس ماہ مبارک کا احترام کریں اور اس مبارک مہینے کی برکتوں سے مالامال ہونے کی بھرپورکوششیں کریں ۔اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کے لیے ضروری ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں غریبوں، یتیموںاور لاچاروں کی مددکی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالصمد نقشبندی سیفی نے مسجد فیضان مدینہ میں روزداروں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے بابر کت مہینے میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ سراسر ظلم وزیادتی ہے ،گیس نہ ہونے کے باعث خواتین گھروں میں سحری وافطار ی کے اوقات میں شدید مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں ،گھریلو صارفین کے لیے فوری گیس کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے اور گیس کے بحران پر قابوپانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ غریبوں کا حق ہے یہ غربا پر ہی خرچ ہو نا چاہیے۔ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے کم آمدنی والا طبقہ پریشانی کا شکار ضروریاتِ زندگی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ۔ کاروباری سرگرمیوں کی بندش سے متاثرغربااور ضرورت مند وں کی داد رَسی کرنا دینی و قومی فریضہ ہے اسلام ایک دوسرے کے دکھ درد کو محسوس کرنے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے ،رب العالمین کے نزدیک پسندیدہ شخص وہ ہے جو دکھی ،غم زدہ اور محروم مخلوق کے کام آئے اور ان کی مشکلا ت کا مداوا کرے ۔ دین عبادت اور خدمت کا مجمو عہ ہے ،غربت اور بیروزگاری کے خا تمے کیلیے اسلام نے زکوٰۃ کی شکل میں غربت میں کمی کا جامع معاشی نظام فراہم کیا ہے ،زکوٰۃ خالصتاً غریبو ں ،مسکینو ں ،یتیمو ں اور بیوائوں کی خدمت کا ذریعہ ہے ملک میں زکوۃ وصولی اورتقسیم کے نظام کو شریعت کے مطابق شفاف بنا یا جائے اور دیانتدارانہ طریقے سے یہ مال مستحقین تک پہنچنے لگے تو غربت کے خاتمے میں بہتر مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں لاکھوں خاندان مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں ان کی مدد کیلیے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں ایک قوم ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی مدد آپ مستحق افراد کی معاونت کی جائے۔