یورپی یونین نے 73 روسی سفاتکاروں کو بے دخل کردیا

255

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین جنگ کے ردِعمل میں یورپی ممالک اٹلی، ڈنمارک، سویڈن اور اسپین نے کُل 73 روسی سفارتکاروں کو ملک سے بیدخل کردیا ہے۔ ہسپانوی وزیر خارجہ ہوزے مینوئل الباریس نے بتایا کہ ان کا ملک 25 روسی سفارت کاروں کو بیدخل کر رہا ہے جو ملکی مفادات اور سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ سویڈن کے وزیر خارجہ این لِنڈے کے مطابق جاسوسی کے الزام میں 3 روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کیا جائے گا۔ اسی طرح اٹلی کے وزیر خارجہ لوئیگی ڈی مایو نے ایک بیان میں کہا کہ ان کے ملک نے قومی سلامتی کے پیش نظر 30 روسی سفیروں کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب ڈنمارک نے کہا کہ اس نے خود کو سفارت کار ظاہر کرنے والے 15 روسی انٹیلی جنس افسران کو ملک چھوڑنے کے لیے 14 دن کی مہلت دی ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے اس اقدام پر روسی صدارتی دفترکریملن کے ترجمان ڈمتری پیسکوف نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ متعدد یورپی ممالک سے روسی سفارت کاروں کی اس وسیع پیمانے پر بے دخلی ایک تنگ نظری کا ثبوت ہے جو ہمارے اور اُن کے درمیان مواصلات کو پیچیدہ بنا دے گی‘ یورپی یونین کا یہ فیصلہ لامحالہ انتقامی اقدامات کا باعث بنے گا۔