الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت200 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم

458
 حیدرآباد: الخدمت فائونڈیشن حیدرآباد کے تحت آسٹریلہ چیریٹی انٹرنیشنل کے تعاون سے تقسیم راشن کی تقریب سے ضلعی امیر جماعت اسلامی عقیل احمد خان خطاب کررہے ہیں،حافظ طاہر مجید، ڈاکٹر سیف الرحمن اور نعیم عباسی بھی موجودہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد کے تحت آسٹریلہ چیریٹی انٹرنیشنل کے تعاون سے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر 200سے زائد غریب خاندانوں میں راشن تقسیم تقریب کا انعقاد کیا گیا، الخدمت کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کا یہ سلسلہ رمضان المبارک میں بھی جاری رہیگا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، صدر الخدمت فاؤنڈیشن حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن، جنرل سیکرٹری نعیم عباسی، محمد سلیم خان، محمد علی چوہان، محمد حسین اور اسرار مغل بھی موجود ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے، آسٹریلہ چیریٹی انٹرنیشنل کی طرف سے جو تعاون کیا گیا ہے الخدمت اس راشن کو سفید پوش غریب گھرانوں تک راشن پہنچارہی ہے۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اس ملک سے غربت دور ہو، لوگوں کو رزگار کے مواقع فراہم ہوں، ایک اسلامی فلاحی ریاست قائم ہو اس کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کوشاں ہے۔ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید نے کہا کہ حکومت کے کرنے والے کام الخدمت فاؤنڈیشن کر رہا ہے، مہنگائی نے اس ملک میں جو حالات پیدا کر دیے ہیں اس سے غریب آدمی کے لیے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے۔ہم نے الخدمت کے شعبے کو مزید فعال کیا ہے کہ وہ مستحق افراد کو ڈھونڈ کران تک راشن پہنچائے۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ آسٹریلہ چیریٹی انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ا ن شا اللہ رمضان المبارک میں مزید گھرانوں کو راشن فراہم کرنے کا ہدف ہے اور کوشش ہوگی کہ غریب افراد کو عید کے کپڑے بھی دیے جائیں۔اس سلسلے میں مخیر اور صاحب حیثیت افراد سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس مدد اور کار خیر میں حصہ لیں اور غریب افراد کی مدد کریں۔