جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نائب صدر پر قاتلانہ حملہ، ڈرائیور جاں بحق

631
جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نائب صدر پر قاتلانہ حملہ، ڈرائیور جاں بحق

کراچی: سندھ کے ضلع جامشورہ کے علاقہ نوری آباد میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے نائب صدر امتیاز پالاری کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

جماعت اسلامی کے رہنما امتیاز پالاری کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرکے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے امتیاز پالاری کی گاڑی پر فائرنگ کی مذمت کرتے امتیاز پالاری کے ڈرائیور کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سندھ سے حملہ آوروں کی گرفتاری اور انہیں سزا دلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے حیدرآباد پریس کلب پر مظاہرے کا اعلان بھی کیا۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ سلمان حیدر کا قتل بے امنی پھیلانے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سلمان حیدر کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ساتھ ہی امتیاز پالاری پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزادی جائے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ پولیس شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئے ہیں امتیاز پالاری پر قاتلانہ حملے کے خلاف دوپہر 3 بجے حیدرآباد پریس کلب پر مظاہرہ ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں فائرنگ سے مسجد خیر العمل فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری سلمان حیدر جاں بحق ہو گئے تھے۔