پی پی کوکامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا، رکن صوبائی اسمبلی

134

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے سینیٹ کے انتخاب میں پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کے کامیاب ہونے اور کراچی سے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں نکالے جانے والے لانگ مارچ کی بھرپور کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوامی اور جمہوری پارٹی ہے۔ اسے کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ اس کی بنیادوں میں پارٹی قیادت اور شہید کارکنوں کا لہو شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج صرف پیپلزپارٹی ہی کی جدوجہد کے نتیجے میں وزیراعظم عمران خان کو پسپائی اختیار کرنی پڑرہی ہے۔ کیونکہ حکومت نے غریب عوام کا جینا دوبھر کیا ہو اہے اور اب تو ان کے ووٹر بھی انہیں جھولی پھیلا پھیلا کر بددعائیں دے رہے ہیں کیونکہ جتنی مہنگائی آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ حکومت نے غریب کا تو چولہا ٹھنڈا کیا ہے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سفید پوش افراد کو ذہنی او رجسمانی اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے ساتھ ساتھ اب پنجاب نے بھی یہ فیصلہ دے دیا ہے کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں اور اس نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کو وہ تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بلاول کا سندھ اور پنجاب میں جگہ جگہ تاریخی مارچ اس حکومت کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔